بھارتی جریدے نے مودی حکومت کی پاکستان کے خلاف سازش بے نقاب کر دی

Modi attack to pakistan

نئی دہلی میں مودی سرکار کی اشتعال انگیز پالیسیوں نے خطے کو ایک بار پھر جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ بھارتی میڈیا، بالخصوص “ٹائمز ناؤ”، کے مطابق بھارت کی قومی سلامتی کمیٹی کے مسلسل اجلاسوں میں پاکستان کے خلاف فوری اور اسٹریٹیجک اقدامات پر مشاورت کی جا رہی ہے۔ پہلگام حملے کو بنیاد بنا کر بھارت نے خطے میں جنگی ماحول پیدا کرنے کی کوشش تیز کر دی ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے افواج کو کسی بھی وقت، کسی بھی مقام پر کارروائی کی مکمل آزادی دے دی ہے، جس سے کشیدگی میں شدید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ بھارتی حکومت سندھ طاس معاہدے کو معطل کر کے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی دے چکی ہے، جب کہ پاکستانی شہریوں کو بھارت سے بے دخل کرنے اور سفارتی تعلقات محدود کرنے کا فیصلہ بھی کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی افواج، فضائیہ اور بحریہ کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور ایک بار پھر سرجیکل اسٹرائیک یا بالاکوٹ طرز کے حملے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ بھارت کی جانب سے دہشت گردی کے جھوٹے بیانیے کو استعمال کر کے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش جاری ہے۔

بھارتی میڈیا میں پاکستان کو “مٹی میں ملا دینے” جیسے اشتعال انگیز بیانات کھلے عام نشر کیے جا رہے ہیں، جبکہ “آپریشن بدلہ” کے آغاز کا بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ اس تمام صورتحال میں بھارت کے وزراء کا جنگی بیانیہ ایک منظم پروپیگنڈا نظر آ رہا ہے، جس کا مقصد عوام کی توجہ اندرونی مسائل سے ہٹانا ہے۔

سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے بھارت کی جانب سے دریاؤں کے خشک ہونے کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جو پانی کو سیاسی ہتھیار بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

ادھر پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے کسی بھی ممکنہ جارحیت سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کر لی ہے۔ تاہم، عالمی طاقتوں کی خاموشی اور مداخلت نہ ہونے کی صورت میں ایک نئی جنگ کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔

کیا دنیا ایک اور تباہ کن جنگ کی طرف بڑھ رہی ہے؟

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *