190 ملین پاؤنڈز کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایک اہم اقدام کرتے ہوئے ایک خصوصی پراسیکیوشن ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
یہ ٹیم اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں اور سزا معطلی کی درخواستوں کی سماعت کے دوران عدالت کو قانونی معاونت فراہم کرے گی۔

نیب کے چیئرمین کی منظوری کے بعد پراسیکیوٹر جنرل نیب، سید احتشام قادر شاہ کی ہدایت پر 5 رکنی خصوصی ٹیم بنائی گئی ہے، جس کی قیادت سردار مظفر احمد خان کریں گے۔ ٹیم کے دیگر ارکان میں عرفان احمد، سہیل عارف، رافع مقصود اور یاسر سلیم رانا شامل ہیں۔
نیب کے مطابق، یہ ٹیم 5 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہونے والی سماعت کے دوران نیب کا مؤقف پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے اپنی سزاؤں کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے، جبکہ ان کے وکلاء نے سزا معطلی کی درخواستیں بھی جمع کرائی ہیں۔ ان پر سماعت 5 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوگی۔