راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ’’بہت ہو چکا، اب کوئی نہ کوئی راستہ نکالنا ہو گا‘‘، انہوں نے امید ظاہر کی کہ پارٹی بانی عمران خان اس ہفتے جیل سے رہا ہو جائیں گے۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے مایوس نہیں ہیں، انہوں نے زور دے کر کہا کہ عمران خان ناحق قید ہیں اور ان کے خلاف تمام مقدمات سیاسی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہمارا ماننا ہے کہ اب حد ہو گئی ہے، کوئی حل تلاش کرنا ہو گا۔ ہماری دعا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اس ہفتے ہی رہا ہو جائیں۔‘‘
اس سے قبل، بیرسٹر گوہر علی خان کے علاوہ سلمان اکرم راجہ اور علی ظفر نے بھی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد تینوں رہنما الگ الگ گاڑیوں میں جیل سے روانہ ہو گئے۔
واضح رہے کہ عمران خان کی دو بہنوں عظمیٰ اور نورین خان کو بھی ملاقات کی اجازت مل گئی تھی، جس کے بعد وہ جیل کے اندر داخل ہو گئیں، جبکہ علیمہ خان اور قاسم زمان خان کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔
گزشتہ دنوں راولپنڈی کے داہگل چیک پوسٹ پر پی ٹی آئی چیئرمین گوہر علی خان کو روک دیا گیا تھا، جبکہ پارٹی رہنماؤں علی محمد خان اور نیاز اللہ نیازی کو بھی اسی چیک پوسٹ پر روکا گیا۔ عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ اور نورین کو گورکھ پور چیک پوسٹ پر روک لیا گیا تھا