خضدار میں سکول بس پر حملہ بھارت نے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے کروایا، ترجمان پاک فوج

school bus blast

لاہور: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے بلوچستان کے ضلع خضدار میں معصوم اسکول بچوں کی بس پر بزدلانہ اور بہیمانہ حملہ کروایا۔

بیان کے مطابق، خضدار میں ہونے والے اس حملے میں تین معصوم بچوں سمیت پانچ افراد شہید ہو گئے جبکہ 38 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر نے اس واقعے کو بھارتی ریاست کی منصوبہ بند دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ میدان جنگ میں ناکامی کے بعد بھارت نے پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لیے اپنے نیٹ ورکس کو سرگرم کر رکھا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آپریشن “بنیان مرصوص” کے دوران سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں سے دہشت گردوں کو شکست ہوئی، جس کے بعد بھارت نے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے نہتے شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سطح پر دہشت گردی کی حمایت بھارتی قیادت کی اخلاقی پستی کو ظاہر کرتی ہے۔

آئی ایس پی آر نے زور دے کر کہا کہ حملے کے منصوبہ سازوں اور ان کے سہولت کاروں کو ان کے کرتوتوں کی سزا دی جائے گی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پاک فوج پوری قوم کی حمایت سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہے اور دنیا کے سامنے بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *