پاکستان پر حملے کی صورت میں بھارت کی 7 ریاستوں پر قبضہ کر لیں گے؛ بنگلادیشی میجر جنرل

bangladesh-threat-india

سابق بنگلادیشی آرمی افسر نے بھارت کو شمال مشرقی ریاستوں پر قبضے کی دھمکی دی

بنگلادیش کے سابق میجر جنرل فضل الرحمان نے ایک متنازعہ بیان میں کہا ہے کہ اگر پاکستان پر کوئی حملہ ہوا تو بنگلادیش بھارت کی سات شمال مشرقی ریاستوں پر قبضہ کر لے گا۔ یہ بات انہوں نے بنگالی زبان میں ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں بیان کی۔

فضل الرحمان بنگلادیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس کے قریبی ساتھی ہیں اور نیشنل انڈیپنڈنٹ انویسٹی گیشن کمیشن کے سربراہ بھی ہیں۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ ایسی صورت حال میں چین کے ساتھ فوجی تعاون پر بات چیت کرنا ضروری ہوگا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت اور بنگلادیش کے تعلقات کشیدہ ہیں۔ اس سے قبل مارچ میں بنگلادیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے چین کے دورے کے دوران بھارت کو متنبہ کیا تھا کہ بھارت کے مشرقی حصے کی سات ریاستیں سمندر سے محروم ہیں اور بنگلادیش اس علاقے کا واحد “سمندری نگہبان” ہے۔

بھارتی حکومت نے ان بیانات پر سخت ردعمل ظاہر کیا تھا۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ایک عالمی فورم پر کہا تھا کہ شمال مشرقی ہندوستان ترقی کے راستے پر ہے، جہاں سڑکوں، ریلوے اور دیگر بنیادی ڈھانچے پر کام جاری ہے۔ بعد ازاں، بھارت نے بنگلادیشی کارگو کو بھارتی بندرگاہوں سے ٹرانس شپمنٹ کی سہولت معطل کر دی تھی۔

واضح رہے کہ بنگلادیش میں طلبہ تحریک کے بعد شیخ حسینہ واجد کی حکومت ختم ہو گئی تھی، اور وہ بھارت میں پناہ گزین ہیں۔ اس صورتحال نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید کشیدہ بنا دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *