ڈھاکا: بنگلادیش کی عبوری حکومت کے مشیر منصوبہ بندی وحیدالدین نے چیف ایڈوائزر محمد یونس کے مستعفی ہونے کی اطلاعات کو مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “محمد یونس نے جانے کا کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا، بلکہ انہوں نے حکومت کو درپیش چیلنجز پر بات کی ہے۔”
عبوری کونسل کا محمد یونس کی صدارت میں ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں انصاف، اصلاحات اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے غور کیا گیا۔ حکومتی اعلامیے کے مطابق، اجلاس میں عبوری حکومت کو درپیش رکاوٹوں اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے میں زور دیا گیا کہ عبوری حکومت قومی مفاد میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ اگر کسی بیرونی یا اندرونی سازش کی وجہ سے حکومت کے کام میں رکاوٹ پیدا کی گئی تو عوام کو اس کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ وحیدالدین نے کہا کہ “ہم اپنے فرائض مکمل کرنے تک کہیں نہیں جائیں گے اور تمام مشکلات پر قابو پالیں گے۔”
دوسری جانب، چیف ایڈوائزر محمد یونس سے جماعت اسلامی، بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی اور نیشنل سٹیزن پارٹی کے وفود نے ملاقات کی اور جلد از جلد اصلاحات اور دسمبر میں انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا۔