دہلی: کانگریس کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بھارت کے قومی مفادات کو ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے قربان کر دیا اور ملک کی عزت سے سمجھوتہ کیا۔
راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا، “مودی جی، خالی تقریریں بند کریں اور عوام کو حقائق سے آگاہ کریں۔”
انہوں نے وزیراعظم سے تین اہم سوالات کیے:
- آپ نے پاکستان کے دہشت گردی کے بیان پر یقین کیوں کیا؟
- آپ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے جھک کر بھارت کے مفادات کو کیوں نظرانداز کیا؟
- آپ کا غصہ صرف کیمرے کے سامنے ہی کیوں نظر آتا ہے؟
راہول گاندھی نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے بھارت کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے غیرضروری سفارتی دوروں کا سہارا لے رہی ہے، جو اب “عوامی توجہ بٹانے کا ہتھیار” بن چکے ہیں۔
یاد رہے کہ آپریشن سندور کے دوران کانگریس نے حکومت کی حمایت کی تھی، لیکن جنگ بندی کے بعد سے اپوزیشن جماعتیں بی جے پی پر سخت تنقید کر رہی ہیں۔