واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی شہریوں اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ایک نئے حکم نامے پر دستخط کرتے ہوئے متعدد ممالک کے شہریوں کے امریکہ داخلے پر پابندی عائد کر دی۔ اس اقدام کے تحت 12 ممالک کے شہریوں پر مکمل پابندی لگائی گئی ہے جبکہ 7 دیگر ممالک پر جزوی پابندیاں نافذ کی گئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، نئی سفری پابندیوں میں افغانستان، برما، چاڈ، جمہوریہ کانگو، استوائی گنی، اریٹیریا، ہیٹی، ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان اور یمن شامل ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ قدم امریکہ کو غیر محفوظ عناصر سے بچانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ حالیہ کولوراڈو دہشت گرد حملہ اس بات کی واضح مثال ہے کہ جن غیر ملکیوں کی مکمل چیکنگ نہیں ہوتی، وہ ملک کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی سمیت دیگر تعلیمی اداروں میں غیر ملکی طلبہ کے ویزوں پر بھی پابندیوں کا اعلان کیا۔
یہ اقدام امریکہ کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ایک اور بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔