:
پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے باوجود، بھارتی ایئر لائنز کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش جاری ہے، جس کی وجہ سے بھارتی ہوائی کمپنیوں کو شدید مالی نقصانات اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق، پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے تین ہفتے گزرنے کے بعد بھارت کی ایئر لائنز اور کارگو خدمات کو تقریباً 5 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے۔ اس پابندی کی وجہ سے بھارت سے امریکا، یورپ اور کینیڈا جانے والے لاکھوں مسافروں کو سفر میں نمایاں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بھارتی ایئر لائنز کو اب طویل راستہ اختیار کرنا پڑ رہا ہے، جس کے باعث یورپ، امریکا اور دیگر ممالک تک کے سفر میں ڈھائی سے تین گھنٹے کا اضافی وقت لگ رہا ہے، جبکہ ایندھن کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
حکام کے مطابق، پاکستان نے ابھی تک بھارتی فضائی حدود کو کھولنے کا کوئی واضح اعلان نہیں کیا، جس کے پیشِ نظر بھارتی ایئر لائنز کے مسائل میں کمی کے امکانات کم نظر آ رہے ہیں۔