اسلام آباد : وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جاری پروپیگنڈے اور سازشوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی سفارتی وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس وفد کی قیادت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔
ذرائع کے مطابق، وزیر اعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس کے بعد وفد کے اراکین کی فائنل کی گئی۔ اس وفد میں سابق وزرائے خارجہ اور تجربہ کار سفارت کار شامل ہیں، جن میں خرم دستگیر، حنا ربانی کھر، جلیل عباس جیلانی، ڈاکٹر مصدق ملک، شیری رحمن، فیصل سبزواری اور تحمینہ جنجوعہ شامل ہیں۔
وفد یورپ اور امریکہ کے مختلف ممالک کا دورہ کرے گا اور بھارت کی جانب سے خطے میں امن کو خراب کرنے کی کوششوں، سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں اور پاکستان کے خلاف جارحانہ اقدامات کے بارے میں عالمی برادری کو آگاہ کرے گا۔ وفد خاص طور پر لندن، واشنگٹن، پیرس اور برسلز میں پاکستان کا مؤقف واضح کرے گا۔
بلاول بھٹو زرداری کا عزم
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ان سے رابطہ کرکے پاکستان کی نمائندگی کی ذمہ داری سونپی ہے۔ انہوں نے کہا، “مجھے یہ ذمہ داری قبول کرتے ہوئے فخر ہے اور میں مشکل حالات میں ملک کی خدمت کے لیے پرعزم ہوں۔ ہم دنیا کو پاکستان کے امن پسندانہ موقف سے آگاہ کریں گے۔”
یہ سفارتی اقدام بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جاری منفی پروپیگنڈے کے جواب میں اٹھایا گیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ مستقبل میں دیگر ممالک کو بھی ایسے ہی وفود بھیجے جائیں گے تاکہ پاکستان کا مؤقف مؤثر طریقے سے پیش کیا جا سکے۔