تہران: پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ان کا ایرانی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر کے ساتھ استقبال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد بغیری سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی کے حالیہ رجحانات پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے مشترکہ سرحدی سلامتی کو بہتر بنانے، دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے اور سرحدی علاقوں کو تجارت و اقتصادی روابط کے مراکز میں تبدیل کرنے کے امکانات پر غور کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ترکیہ، ایران اور آذربائیجان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اس سفر کے دوران انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کی حمایت پر سپریم لیڈر خامنہ ای کا شکریہ ادا کیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان عسکری و استراتژیک تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔