صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ فوجی سربراہ جنرل سید عاصم منیر کو “بیٹن آف فیلڈ مارشل” کے اعزاز سے نوازا۔ یہ اعزاز انہیں “معرکہ حق” کے دوران شاندار قیادت پر دیا گیا۔
صدر مملکت نے تقریب میں کہا کہ جنرل عاصم منیر نے معرکہ حق کے دوران فرنٹ سے لیڈرشپ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا داعی ہے، لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ ہماری افواج وطن کے ہر انچ کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نئی تاریخ رقم کی۔ پاک فوج نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ 10 مئی کو فوجی قیادت کے جوش و ولولے نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کسی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی مودی سرکار اب پاکستان پر حملے سے پہلے سو بار سوچے گی۔
تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزراء، صوبائی وزرائے اعلیٰ، گورنرز، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے سربراہ جنرل ساحر شمشاد مرزا، فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ متعدد ممالک کے سفارتکاروں نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے بعد ازاں معرکہ حق میں شہید ہونے والے کشمیریوں کے ورثاء میں امدادی رقوم تقسیم کی۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کی رات پاکستان نے بھارت کے خلاف جوابی کارروائی کا فیصلہ کیا، جس کے نتیجے میں دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 1971 کے نقصان کا بدلہ لے لیا اور اب ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اتحاد و اتفاق کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا تاکہ دشمن کی آنکھیں نیچی رہیں۔ انہوں نے کشمیری عوام کو یقین دلایا کہ پاکستان ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔