حکومت کا تاریخی اقدام، ملک میں پہلی فیری سروس لائسنس کی منظوری دے دی گئی

ferryservicekarachi

وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کی سرگرم کوششوں کے نتیجے میں ایک اہم تاریخی پیشرفت سامنے آئی ہے، جب وزارت بحری امور نے فیری سروس کے لائسنس کی اصولی منظوری دے دی۔

برطانیہ کی معروف کمپنی “سی کیپرز” کو ایران اور خلیجی ممالک کے لیے فیری سروس چلانے کی اجازت مل گئی ہے۔ یہ کمپنی پاکستان کو ایران اور خلیج تعاون کونسل (GCC) کے ممالک سے بحری راستوں کے ذریعے جوڑے گی۔

فیری آپریٹرز کی درخواستیں 2017-18 سے زیر التوا تھیں، لیکن وزارت بحری امور نے تیزی سے کام کرتے ہوئے بین الاقوامی فیری آپریٹر کو پہلی بار لائسنس جاری کر دیا۔

وفاقی وزیر محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ “آج بحری رابطے کی نئی تاریخ رقم ہوئی ہے۔ فیری سروس سے زائرین اور مزدوروں کو سستا اور آسان سفر میسر ہوگا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ “کراچی اور گوادر سے فیری سروس کا آغاز کیا جائے گا، جس سے سمندری سفر محفوظ، آرام دہ اور عام آدمی کی پہنچ میں ہوگا۔”

انوار چوہدری نے زور دے کر کہا کہ “اس اقدام سے پاکستان کی سمندری معیشت کو فروغ ملے گا، جبکہ علاقائی سیاحت اور تجارت میں بھی اضافہ ہوگا۔ فیری سروس کو جلد از جلد عملی شکل دینے کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔”

یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان اور خطے کے ممالک کے درمیان تجارتی و سیاحتی روابط کو مضبوط بنائے گا، بلکہ عوام کو سفر کے نئے اور معیاری مواقع بھی فراہم کرے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *