حکومت ترقی کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام، معیشت کی شرح نمو 2.68 فیصد رہی

pak economy

اسلام آباد: وفاقی حکومت مالی سال 2024-25 کے لیے اقتصادی سروے کل پیش کرے گی، جس میں ملکی معیشت کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ شامل ہوگا۔ سروے کے مطابق رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی شرح نمو 2.68 فیصد رہی، جو مقررہ ہدف 3.6 فیصد سے نمایاں طور پر کم ہے۔

ذرائع کے مطابق مالی سال کے دوران معیشت کا مجموعی حجم 39 ارب 30 کروڑ ڈالر کے اضافے سے 410 ارب 96 کروڑ ڈالر تک پہنچا، جبکہ گزشتہ سال یہ 371 ارب 66 کروڑ ڈالر تھا۔ ملکی کرنسی میں معیشت کا حجم 9600 ارب روپے بڑھا کر 114.7 ہزار ارب روپے تک جا پہنچا، جو پچھلے سال کے 105.1 ہزار ارب روپے کے مقابلے میں خاصا اضافہ ہے۔ فی کس آمدن بھی 144 ڈالر اضافے کے ساتھ 1680 ڈالر رہی۔

زرعی شعبے کی مجموعی کارکردگی توقعات سے کمزور رہی۔ اہم فصلوں کی پیداوار میں 13.49 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ ہدف منفی 4.5 فیصد تھا۔ کاٹن جیننگ میں بھی 19 فیصد کمی دیکھی گئی۔ مجموعی زرعی گروتھ 0.56 فیصد رہی، جو کہ مقررہ 2 فیصد ہدف سے کم تھی۔ البتہ لائیو اسٹاک اور دیگر فصلوں میں قدرے بہتری آئی، جن کی شرح نمو بالترتیب 4.72 اور 4.78 فیصد رہی۔ جنگلات اور ماہی گیری کے شعبے بھی اہداف حاصل نہ کر سکے۔

صنعتی شعبے نے مجموعی طور پر 4.77 فیصد کی شرح سے ترقی کی، جو کہ 4.4 فیصد ہدف سے بہتر کارکردگی ہے۔ چھوٹی صنعتوں میں 8.81 فیصد اور سلاٹرنگ میں 6.34 فیصد گروتھ ریکارڈ ہوئی، تاہم بڑی صنعتوں کی شرح نمو منفی 1.53 فیصد رہی۔ بجلی، گیس اور پانی کی فراہمی کا شعبہ 28.88 فیصد کی بلند ترین شرح سے بڑھا، جو کہ 2.5 فیصد کے ہدف سے کہیں زیادہ ہے۔ تعمیرات کے شعبے نے بھی 6.61 فیصد شرح نمو کے ساتھ نمایاں کارکردگی دکھائی۔

economy

خدمات کے شعبے کی مجموعی شرح نمو 2.91 فیصد رہی، جو مقررہ ہدف 4.1 فیصد سے کم ہے۔ ہول سیل اور ریٹیل ٹریڈ میں محض 0.14 فیصد اضافہ ہوا۔ انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن، مالیاتی خدمات، رئیل اسٹیٹ، تعلیم، صحت اور سوشل ورک میں معتدل گروتھ ریکارڈ ہوئی، جبکہ پبلک ایڈمنسٹریشن اور سوشل سیکورٹی کی شرح نمو 9.92 فیصد رہی، جو ہدف 3.4 فیصد سے تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔

اقتصادی سروے کے مطابق معیشت کی مجموعی کارکردگی غیر متوازن رہی، جہاں کچھ شعبوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، وہیں کئی اہم شعبے اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *