لاہور (ویب ڈیسک) – امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومتی جماعتوں کو ان کی انتخابی مہم کے دوران کیے گئے وعدے یاد دلاتے ہوئے سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ عوام سے مفت بجلی کے جو وعدے کیے گئے تھے، وہ کہاں گئے؟
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے حکومتی رہنماؤں کی انتخابی تقاریر کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے کہا کہ 300 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کرنے کے دعوے آج بھی عوام کے ذہنوں میں تازہ ہیں، لیکن اقتدار میں ڈیڑھ برس گزرنے کے باوجود ان وعدوں پر عمل نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مہنگی ترین بجلی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، اور معیشت کا پہیہ جمود کا شکار ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں کا فائدہ صرف اشرافیہ اور شوگر مافیا کو ہو رہا ہے، جبکہ کسان، صنعتکار اور عام شہری مسلسل خسارے کی دلدل میں دھنس رہے ہیں۔
حافظ نعیم نے عوام سے کیے گئے وعدوں پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ عوامی مسائل پر سنجیدگی سے توجہ دیں اور انتخابی نعروں کو صرف وقتی ہتھیار کے طور پر استعمال نہ کریں۔