اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اشتعال انگیز بیانات کے بعد اپنا دوٹوک موقف دہرایا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا سختی سے جواب دیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قیادت کے حالیہ بیانات نہ صرف اشتعال انگیز ہیں بلکہ خطے کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کے الزامات محض پروپیگنڈہ ہیں، جو علاقائی کشیدگی بڑھانے کی کوشش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امن کو ترجیح دیتا ہے، لیکن ملکی دفاع اس کا آئینی اور بین الاقوامی حق ہے۔ اگر بھارت کی جانب سے کوئی جارحیت کی گئی تو پاکستان اس کا بھرپور جواب دے گا۔
ترجمان نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی جنگجویانہ زبان اور خطرناک عزائم پر توجہ دے، کیونکہ ایسے بیانات اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
واضح رہے کہ نریندر مودی نے راجستھان کے ایک انتخابی جلسے میں پاکستان پر جھوٹے الزامات عائد کرتے ہوئے دہشت گردی کا حوالہ دیا اور دریاؤں کے پانی کے معاملے پر اشتعال انگیز بیانات دیے۔ ان تبصروں کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔
بھارت نے پہلے ہی سندھ طاس معاہدہ معطل کیا ہے، پاکستانی سفارتی عملے پر پابندیاں عائد کی ہیں اور پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ کر کے انہیں ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔