زائرین اور سرحدی امور: پاکستان، ایران اور عراق کے وزرائے داخلہ کا اہم سہ فریقی اجلاس جاری
تہران میں پاکستان کی درخواست پر پاکستان، ایران اور عراق کے وزرائے داخلہ کا اہم سہ فریقی اجلاس جاری ہے، جس میں زائرین کی سہولت اور سرحدی معاملات سے متعلق مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی اور عراق کے وزیر داخلہ عبدالامیر الشمری شریک ہیں۔ اس موقع پر زائرین کی سہولیات میں اضافے اور بارڈر مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے مربوط اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں شریک دیگر اہم شخصیات میں نائب ایرانی وزیر داخلہ علی اکبر پور جمشیدیان، ایرانی وزیر داخلہ کے سینئر مشیر نادر یار احمدی، پاکستان کی وزارت داخلہ کے سیکریٹری خرم آغا اور عراق کی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام شامل ہیں۔
اجلاس سے قبل پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے کیا۔
تینوں ممالک کے وزرائے داخلہ کی اس بیٹھک کو خطے میں مذہبی سیاحت کو آسان اور محفوظ بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر اربعین اور دیگر زیارات کے دوران درپیش چیلنجز کے حل کے تناظر میں۔