بھارت اور اسکی پراکسیز  پورے خطے کے لیے خطرہ ہیں، ترجمان پاک فوج

AHMAD SHARIF 2

راولپنڈی: ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے اور اسے کسی صورت علیحدہ نہیں کیا جا سکتا۔

ہلال ٹاکس 2025 کے پروگرام میں اساتذہ سے بات چیت کے دوران پاک فوج کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ بلوچستان پاکستان کی سلامتی، معیشت اور ثقافت کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور اس کے پراکسی گروپس خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں، جبکہ بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) جیسی تنظیموں کو بھارت کی مکمل مالی حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے عوام اور افواج کے گہرے تعلق کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ “عوام اور افواج ایک دوسرے کے لیے ہیں، یہ رشتہ محبت اور اعتماد پر مبنی ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا۔”

ترجمان پاک فوج نے بلوچستان کی علیحدگی کی کوششوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف بھارت کی سازش ہے۔ ان کے مطابق، “بلوچ، سندھی، پختون، پنجابی، کشمیری اور بلتی سب ایک قوم ہیں، ہماری یکجہتی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔”

انہوں نے بلوچستان میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے پیچھے نہ کوئی نظریہ ہے اور نہ ہی مقصد، بلکہ یہ صرف بھارت کی مالی امداد سے چلائی جانے والی کارروائی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے خطے میں عدم استحکام کا ذمہ دار بھارت کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی سالمیت اور امن کے لیے کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *