اسلام آباد: ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے قوم کو متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف “آہنی دیوار” (بنیان مرصوص) کھڑی کرنی ہوگی۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد کے طلبا اور اساتذہ کے ساتھ ہونے والی ایک خصوصی نشست کے دوران کہی۔ اس موقع پر انہوں نے نوجوانوں کی وطن کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والا قرار دیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے زور دے کر کہا کہ پاکستان امن کا گہوارہ ہے اور یہاں کی کامیابی دراصل امن کی فتح ہے۔ انہوں نے دشمن کی سازشوں سے آگاہ کرتے ہوئے عوام سے یکجہتی اور بیداری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔
اس موقع پر انہوں نے ملک بھر کے اساتذہ کو پاک فوج کی طرف سے خراج تحسین پیش کیا۔ طلبا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “جس جذبے اور محبت سے آپ نے پاکستان اور پاک فوج کے لیے اپنی وابستگی کا اظہار کیا ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نہ صرف روشن بلکہ تابناک ہے۔”
نشست میں شرکاء نے ملک دشمن قوتوں کے خلاف یک آواز ہونے اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے کا عزم دہرایا۔