اسلام آباد / نئی دہلی: پاکستان کی جانب سے بھارت کی فوجی جارحیت کے خلاف مؤثر اور طاقتور جوابی کارروائی کے بعد بھارتی حکومت شدید دباؤ میں آگئی ہے۔ کشیدگی کم کرنے کے لیے بھارت نے عرب ممالک سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، بھارت نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے درخواست کی ہے کہ وہ پاکستان پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے صورت حال کو معمول پر لانے میں مدد کرے۔ یو اے ای کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو تحمل سے کام لینا چاہیے، کیونکہ یہ تناؤ نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ ہے۔ انہوں نے مذاکرات اور پرامن حل پر زور دیا۔
بھارت کی جارحیت، پاکستانی شہریوں کا نقصان
بھارتی فوج نے بلا اشتعال پاکستانی علاقوں پر حملے کیے، جن میں مختلف مقامات پر 24 حملے ریکارڈ کیے گئے۔ ان حملوں میں 8 پاکستانی شہید ہو گئے جبکہ 35 زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ 2 افراد لاپتہ ہیں۔
پاکستان کا زبردست جواب، بھارتی فوج کو بھاری نقصان
پاکستان نے بھارت کی جارحیت کا فوری اور مضبوط جواب دیتے ہوئے دشمن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ پاک فضائیہ نے بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے اور ایک بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ پاکستانی افواج کی جانب سے کی گئی یہ کارروائی دشمن کے لیے ایک بڑا جھٹکا ثابت ہوئی ہے۔