بھارتی فوج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے تسلیم کیا ہے کہ مئی میں پاکستان کے ساتھ ہونے والی فوجی جھڑپوں میں بھارت نے متعدد لڑاکا طیارے کھو دیے۔ یہ اعتراف انہوں نے سنگاپور میں “شنگری لا ڈائیلاگ” کے دوران بلومبرگ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔
جنرل چوہان نے کہا کہ “پاکستان نے حالیہ کشیدگی کے دوران ہمارے کئی طیارے مار گرائے۔” ان کا کہنا تھا کہ “اہم بات یہ نہیں کہ طیارے گرائے گئے، بلکہ یہ ہے کہ وہ کیوں گرائے گئے۔ جو غلطیاں ہوئیں، وہ اہم ہیں۔” انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ چار روزہ تنازعہ کبھی بھی ایٹمی جنگ کے قریب نہیں پہنچا۔
اس سے قبل سی این این اور رائٹرز نے امریکی اور فرانسیسی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ پاکستان نے چین سے حاصل کردہ جنگی طیارے کی مدد سے بھارتی جیٹ کو مار گرایا۔ ایک سینئر امریکی عہدیدار کے مطابق، پاکستانی فوج نے بھارت کے فضائی حملے کے جواب میں یہ کارروائی کی۔ فرانس کے انٹیلی جنس اہلکار نے بھی تصدیق کی کہ بھارتی فضائیہ کا رافیل لڑاکا طیارہ پاکستان نے تباہ کیا۔
واضح رہے کہ بی جے پی کے کچھ سینئر رہنماؤں نے پہلے ہی پانچ بھارتی طیاروں کے گرائے جانے کا اعتراف کر لیا تھا۔