ننکانہ صاحب پر بھارتی ڈرون حملے کے بعد دنیا بھر کی سکھ برادری میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ سوئٹزرلینڈ میں قائم سکھ تنظیم MAAR نے اس حملے کو مذہبی آزادی پر کھلا حملہ قرار دیتے ہوئے بھارت کے خلاف عالمی فوجداری عدالت (ICC) میں باقاعدہ شکایت درج کروا دی ہے۔
سکھ تنظیم کے مطابق، 7 اور 8 اپریل کی رات کو بھارت نے ڈرون کے ذریعے ننکانہ صاحب پر حملہ کیا، جسے پاکستانی افواج نے بروقت کارروائی کرکے ناکام بنایا۔ تاہم، یہ واقعہ بھارت کے خطرناک رجحان کی ایک اور مثال ہے، جس میں وہ نہ صرف سرحدی کشیدگی بڑھا رہا ہے بلکہ اقلیتوں کے مقدس مقامات کو بھی نشانہ بنا رہا ہے۔
MAAR نے عالمی عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کی اس مبینہ جارحیت کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر اسے جوابدہ ٹھہرایا جائے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ مذہبی عبادت گاہوں پر حملے بین الاقوامی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں اور ایسے اقدامات کسی بھی مہذب معاشرے میں قابل قبول نہیں ہو سکتے۔
سکھ برادری نے بھارت کی اس کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اس معاملے پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔