تہران/یروشلم/واشنگٹن:
ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی میں خطرناک شدت آ گئی ہے۔ ایران نے امریکا کے حملے کے جواب میں اسرائیل پر درجنوں بیلسٹک میزائل داغے جن میں جدید خیبر میزائل بھی شامل تھا، جس کے نتیجے میں اسرائیل کا ایک پاور پلانٹ تباہ ہوگیا اور کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔
اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے جوابی کارروائی میں ایران کے 6 ہوائی اڈے اور متعدد جنگی طیارے تباہ کر دیے ہیں۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ امریکا نے اپنے جدید ترین B-2 بمبار طیاروں کی مدد سے ایران کی تین اہم جوہری تنصیبات – فردو، نطنز اور اصفہان – کو نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فردو کا نیوکلیئر پلانٹ مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی طیاروں نے کامیابی کے ساتھ تینوں جوہری سائٹس کو نشانہ بنایا اور مشن مکمل کیا گیا۔
خطے میں بڑھتی ہوئی اس کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔