اسرائیلی عوام کو فوری طور پر تل ابیب اور حیفا چھوڑنے کی وارننگ جاری کردی, ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف

میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی

ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف، میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف جلد ایک بڑی فوجی کارروائی کی پیشگوئی کی ہے۔ انہوں نے اسرائیلی شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ فوری طور پر حیفا اور تل ابیب جیسے بڑے شہروں کو خالی کر دیں، کیونکہ ایران کی جانب سے آنے والے دنوں میں ان علاقوں پر بڑے پیمانے پر حملے کیے جا سکتے ہیں۔

میجر جنرل موسوی نے کہا کہ اس سے قبل ایران کی طرف سے کی گئی کارروائی محض ایک انتباہ تھی، جبکہ اصل اور فیصلہ کن اقدام ابھی باقی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایرانی قوم اور مسلح افواج شہیدوں کے خون کا بدلہ لے کر رہیں گی اور اسرائیل کو اپنے جرائم کی سزا دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کبھی بھی جارحیت کے سامنے نہیں جھکا اور نہ ہی مستقبل میں جھکے گا۔ اسرائیلی حکومت کو اپنے اقدامات کے سنگین نتائج بھگتنے پڑیں گے۔

یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے، جس سے خطے میں ایک نئی جنگ کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ گزشتہ ہفتے 13 جون سے اب تک ایران نے اسرائیل پر متعدد میزائل حملے کیے ہیں، جن کے نتیجے میں کم از کم 14 اسرائیلی ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری طرف، اسرائیلی حملوں میں ایران کے 224 سے زائد شہری اور فوجی اہلکار جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں کئی اعلیٰ کمانڈرز بھی شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق، دونوں ممالک کے درمیان یہ کشیدہ صورتحال مزید بڑے تنازعے کی طرف بڑھ سکتی ہے، جس کا خطے کی سلامتی پر گہرا اثر پڑ سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *