تل ابیب: اسرائیلی وزارت خارجہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے پیر کے روز غزہ جانے والے امدادی بحری جہاز “میڈلین” کو اپنی تحویل میں لے کر اسرائیل منتقل کر دیا ہے، جبکہ جہاز پر سوار تمام کارکنوں کو جلد ان کے ممالک واپس بھیج دیا جائے گا۔
برطانوی پرچم بردار اس یاٹ “میڈلین” کو فریڈم فلوٹیلا کولیشن چلا رہی تھی، جو یکم جون کو اٹلی کے جزیرے سسلی سے روانہ ہوئی تھی اور پیر کے روز غزہ پہنچنے کی امید رکھتی تھی، تاہم گروپ کے مطابق راستے میں اسے روک لیا گیا۔

کشتی میں سوار افراد میں سویڈن کی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ اور یورپی پارلیمنٹ کی فرانسیسی رکن ریما حسن بھی شامل تھیں۔ اس یاٹ پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سامان موجود تھا، جس میں چاول اور بچوں کے دودھ کا فارمولا شامل تھا۔