سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں 60 دن کی جنگ بندی کی شرائط سے اتفاق کر لیا ہے، جس کا مقصد خطے میں مستقل جنگ بندی کی راہ ہموار کرنا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کے نمائندوں کی اسرائیلی حکام سے غزہ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی، جس میں جنگ بندی کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
ٹرمپ کے مطابق، اگلے 60 روز کے دوران جنگ کے مکمل خاتمے کے لیے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔
قبل ازیں، ایک صحافی کے سوال پر کہ آیا 7 جولائی سے قبل، جب اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں گے، جنگ بندی ممکن ہے؟ تو ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ ایسا بہت جلد ممکن ہے اور اگلے ہفتے تک اس حوالے سے اہم پیش رفت ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ نیتن یاہو 7 جولائی کو واشنگٹن پہنچیں گے جہاں ان کی صدر ٹرمپ سے ملاقات طے ہے۔