اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اسرائیل کی حالیہ کارروائیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنی خودمختاری اور دفاع کا مکمل حق حاصل ہے، جبکہ اسرائیل کا حملہ بین الاقوامی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایسے اقدامات نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
عاصم افتخار نے اسرائیلی فوج کی غزہ میں نہتے شہریوں، خاص طور پر معصوم بچوں کے قتل کو انتہائی مذموم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو اس جارحیت کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف سخت موقف اپنائے، تاکہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔