وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دنیا کو اسرائیل کی جوہری صلاحیتوں کے حوالے سے محتاط رہنا چاہیے، کیونکہ یہ واحد ملک ہے جو کسی بین الاقوامی جوہری کنٹرول نظام کا پابند نہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اسرائیل نے نہ تو جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے (این پی ٹی) پر دستخط کیے ہیں اور نہ ہی کسی دیگر عالمی جوہری معاہدے کو تسلیم کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مغربی ممالک کو اسرائیل کی جانب سے خطے میں پیدا کیے جانے والے تنازعات اور عدم استحکام کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بین الاقوامی جوہری قوانین کی پابندی کرتا ہے اور اس کی جوہری صلاحیت صرف دفاعی مقاصد کے لیے ہے۔
خواجہ آصف نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کی جوہری طاقت عوام کی سلامتی اور دشمنوں کے خلاف دفاعی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ سے ایک ذمہ دار جوہری ریاست کے طور پر ابھرا ہے، جبکہ اسرائیل کا رویہ عالمی امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔
انہوں نے اس موقع پر ایران پر اسرائیلی حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر مسلم دنیا متحد نہ ہوئی تو آنے والے وقت میں سب کو اس طرح کے خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔