ایران کی جانب سے اسرائیل پر کیے گئے حالیہ میزائل حملوں کے دوران تل ابیب میں زوردار دھماکے سنائی دیے، جنہیں شہریوں نے پچھلے حملوں کے مقابلے میں “انتہائی طاقتور اور خوفناک” قرار دیا۔
اسرائیلی صحافی گدیون لیوی نے الجزیرہ کو بتایا کہ انہوں نے خود یہ دھماکے سُنے، جو ان کے گھر کے انتہائی قریب محسوس ہوئے۔ لیوی نے کہا، “میں خوش قسمت ہوں کہ میں نے کچھ دیکھا نہیں، لیکن آوازیں بہت شدید تھیں۔ میں قریبی پناہ گاہ میں تھا، اور اس بار دھماکوں کی شدت پہلے سے کہیں زیادہ تھی۔”
ان کا کہنا تھا کہ جب وہ پناہ گاہ سے باہر نکلے، تو پڑوسیوں سے پتہ چلا کہ کئی گھروں کی کھڑکیاں ٹوٹ چکی تھیں۔ لیوی کے مطابق، “یہ سب میرے گھر سے زیادہ دور نہیں ہوا تھا۔ اگرچہ میں صحیح جگہ نہیں جانتا، لیکن صورتحال بہت سنگین تھی۔ دھماکوں کے فوراً بعد ایمبولینسز اور امدادی کارکنوں کے سائرن سنائی دینے لگے۔”
انہوں نے کہا کہ وہ مزید تفصیلات نہیں جانتے، لیکن یہ حملہ “واقعی بہت شدید اور خوفناک” تھا۔