اسرائیل پر جلد خیبر میزائل داغے جائیں گے اور دنیا حیران رہ جائے گی، ایران

ایران ,اسرائیل 2

ایران کی طاقتور فوجی تنظیم پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیل کے خلاف سخت ترین انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد ہی اسرائیل پر “خیبر” میزائل سے حملہ کیا جائے گا، جس کے اثرات دیکھ کر پوری دنیا حیران رہ جائے گی۔

پاسدارانِ انقلاب کے بیان کے مطابق، ایرانی فوجیں اسرائیل کے ان مخصوص اہداف کو نشانہ بنا رہی ہیں جو ایران اور فلسطین کے خلاف جارحیت میں ملوث ہیں۔ بیان میں “آپریشن وعدہ صادق سوم” کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ اسرائیلی فوجی تنصیبات، اسلحہ ساز فیکٹریوں اور فوجی اڈوں پر میزائل حملے جاری ہیں۔

ایرانی فوج نے اسرائیل کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے میزائل درست نشانے پر لگ رہے ہیں اور یہ حملے اسرائیل کی جانب سے بے گناہوں کے قتل کا جواب ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ “ایران کی سلامتی کو چیلنج کرنے والی کسی بھی کوشش کا سخت جواب دیا جائے گا۔”

پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیل کو متنبہ کیا کہ “ایران کی سلامتی ایک سرخ لکیر ہے، جو بھی اسے پار کرے گا، اسے پچھتانا پڑے گا۔” بیان میں “خیبر” میزائل کے بارے میں کہا گیا کہ یہ ایک جدید اور تباہ کن ہتھیار ہے جو جلد اسرائیل پر گرے گا اور اسرائیل کے لیے یہ ایک “حیرت انگیز اور تباہ کن” واقعہ ہوگا۔

یہ خبر اس وقت سامنے آئی ہے جب ایران نے حال ہی میں اسرائیل پر چوتھا میزائل حملہ کیا، جس میں 63 افراد زخمی ہوئے اور متعدد عمارتیں تباہ ہوئیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *