پشاور: خیبر پختونخوا کے مشیرِ اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے اعلان کیا ہے کہ صوبائی صحت کارڈ کے تحت علاج کی مزید سہولیات شامل کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جگر، گردے اور بون میرو کی پیوند کاری کے علاوہ آلہ سماعت لگانے کا علاج بھی اب مفت فراہم کیا جائے گا۔
بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ مردان میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت او پی ڈی (آؤٹ ڈور پییشنٹ) سروسز کا آغاز جلد کیا جائے گا، جبکہ دیگر اہم بیماریوں کا علاج بھی مستقبل قریب میں صحت کارڈ میں شامل کر دیا جائے گا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ صوبائی حکومت عوامی صحت پر بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہی ہے، جس کے تحت اب تک 108 ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم خرچ کی جا چکی ہے۔ اس کے علاوہ صوبے بھر کے 753 اسپتالوں میں مفت طبی سہولیات دستیاب ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیح عوام کو معیاری اور سستی صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے، اور اس سلسلے میں مزید اقدامات جلد کیے جائیں گے۔