مریم نواز کا بیان ملک دشمنی پر مبنی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں، مرکزی سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی

waqas-akram

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے بانی چیئرمین عمران خان کے پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کی کوشش کو “توہین آمیز” قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔

اسلام آباد میں صوبائی مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ وہ گزشتہ روز اسلام آباد پہنچے تھے اور انہوں نے پشاور ہائیکورٹ سے راہداری ضمانت حاصل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ورکرز کو سخت گرمی اور ناقص سہولیات کے درمیان ناانصافی کا سامنا ہے، جبکہ صنم جاوید سمیت کئی کارکنوں کی ضمانتیں مسلسل مسترد کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کی فوری تقرری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈرز عمر ایوب اور شبلی فراز نے بھی اس سلسلے میں خطوط لکھے ہیں، لیکن حکومت آئینی تقاضوں کو نظرانداز کر رہی ہے۔

مریم نواز کے بیان پر تنقید

شیخ وقاص اکرم نے مریم نواز کے اس بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ “بھارت نے 7 اور 8 مئی کو پاکستان کو اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا پی ٹی آئی نے 9 مئی کو پہنچایا۔” انہوں نے اسے “ملک دشمن سوچ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات قوم کے جذبات کے منافی ہیں۔

معیشت پر تنقید

پی ٹی آئی رہنما نے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بھارت کے خلاف تاریخی فتح کے باوجود حکومت اقتصادی فوائد حاصل نہ کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قدر میں اضافہ اور روپے کی گراوٹ کے باوجود حکومت کے دعوے غلط ثابت ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ترسیلات زر کے اعدادوشمار میں تضاد پیدا کیا ہے، جبکہ غیرملکی سرمایہ کاری میں شدید کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ کے چرچے کے باوجود بین الاقوامی کمپنیاں اپنے شیئرز فروخت کر کے پاکستان چھوڑ رہی ہیں۔

زراعت میں گراوٹ پر تشویش

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود بڑی فصلوں کی پیداوار میں 13 فیصد گراوٹ آئی ہے۔ پنجاب کے کسان بیج، کھاد اور ادویات کے قرضوں تلے دب چکے ہیں، جبکہ گنے کے کاشتکاروں کے ساتھ مل مالکان کا رویہ ناقابل قبول ہے۔

نوجوانوں کے ساتھ یکجہتی

انہوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے نوجوانوں کو شکریہ ادا کرنے کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان واضح طور پر پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ڈیجیٹل سرگرمیوں کی تفصیلات میڈیا کو فراہم کر دی ہیں۔

خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ کا موقف

صوبائی مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے فارم 47 کے اعدادوشمار پر حکومتی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 2021 میں پاکستان کی شرح نمو 5.7 فیصد تھی، جو پی ٹی آئی کی حکومت کے دور میں 6.7 فیصد تک پہنچ گئی تھی، لیکن موجودہ حکومت کے دور میں یہ منفی سطح پر چلی گئی اور اب صرف 2.68 فیصد رہ گئی ہے۔

انہوں نے گندم کی پیداوار کے حکومتی دعووں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیداوار میں کمی کے باعث ملک کو سالانہ 3 ارب ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گندم کی پیداوار 10 ملین ٹن سے گر کر 8.2 فیصد رہ گئی ہے، جو ملکی خوراک کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *