مودی کے وزیر نے کرنل صوفیہ قریشی کو دہشت گردوں کی بہن قرار دے دیا

sufia-quraishi

بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر اور بی جے پی کے سینئر رہنما وجے شاہ نے بھارتی فوج کی مسلم افسر کرنل صوفیہ قریشی کو “دہشت گردوں کی بہن” کہہ کر سیاسی ہلچل مچا دی ہے۔ یہ بیان کرنل صوفیہ کی جانب سے آپریشن سندور کی میڈیا بریفنگ کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے پاکستانی فوج کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارت کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلات بیان کی تھیں۔

وجے شاہ نے متنازعہ انداز میں کہا: “وزیراعظم مودی نے دہشت گردوں کی بہن کو ہی فوجی جہاز میں بھیج کر حملے کروائے، کیونکہ ہماری بہنیں بیوہ ہو گئیں۔” ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید ہوئی، جبکہ مخالفین نے اسے مسلم فوجی اہلکاروں کے خلاف تعصب قرار دیا ہے۔

کانگریس پارٹی نے وجے شاہ کے فوری استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیان ملک میں تقسیم پیدا کرنے کی سازش ہے۔ کانگریس صدر ملک ارجن کھرگے نے کہا: “بی جے پی رہنما کا بیان نفرت انگیز، قابل مذمت اور کرنل صوفیہ کی حب الوطنی پر حملہ ہے۔ انہیں فوری طور پر کابینہ سے ہٹایا جانا چاہیے۔”

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت ایک بار پھر فوجی ناکامی کا الزام مسلمانوں پر ڈال رہی ہے، جو اس کی پرانی سیاسی حکمت عملی کا حصہ لگتا ہے۔ اس بیان کے بعد بھارتی فوج اور اقلیتوں کے ساتھ حکومتی رویے پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *