لاہور : وفاقی حکومت نے بھارت سے تمام قسم کی ادویات اور کپڑے کی درآمد پر مکمن پابندی عائد کر دی ہے، جبکہ متعلقہ ایل سی (لیٹر آف کریڈٹ) اجازت نامے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اس سلسلے میں ملک بھر کے ڈرائی پورٹس، ایئر پورٹس اور جی پی اوز (گرین چینلز) کو نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ہدایات دی ہیں کہ بھارت سے براہ راست یا کسی تیسرے ملک کے ذریعے ادویات اور کپڑے کی درآمد پر سختی سے پابندی عائد کی گئی ہے۔
اس سے قبل بھارت سے بحری، ہوائی اور زمینی راستوں سے ہربل اور دیگر ادویات درآمد کی جاتی تھیں، لیکن اب تمام چیف کیلکٹرز، کسٹم افسران اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ممنوعہ اشیا کی درآمد روکی جائے۔ اگر پابندی کے باوجود کوئی ایسی اشیا درآمد کی جائیں تو انہیں ضبط کر لیا جائے گا۔
اس کے علاوہ، پاکستان سے بھارت کو کسی قسم کا سامان بھیجنے پر بھی پابندی ہے۔ جن تاجروں نے پہلے ہی ایل سی کھول رکھے تھے، ان کے اجازت نامے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے اس سے قبل واضح کر دیا تھا کہ بھارت کی جانب سے سرحدی یا تجارتی حد بندی جارحیت کے مترادف ہو گی۔