اسلام آباد: پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے پاکستان میں کیے گئے فضائی حملوں کو بلا اشتعال جنگی جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی قوانین کے تحت بھارت کی کارروائی کا مناسب جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔
منگل کی شب جاری ہونے والے بیان میں دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی فضائیہ نے پاکستان کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے اسٹینڈ آف ہتھیاروں کے ذریعے بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پار کی۔ حملوں میں مریدکے، بہاولپور کے ساتھ ساتھ آزاد جموں و کشمیر کے علاقوں کوٹلی اور مظفرآباد کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت شہری شہید ہوئے۔
دفتر خارجہ کے مطابق، بھارت کا یہ اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارت نے پہلگام حملے کے بعد ایک بار پھر دہشت گردی کے بہانے سے مظلومیت کا جھوٹا بیانیہ پیش کیا ہے، جو خطے کی سلامتی کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔
وزارت خارجہ نے زور دے کر کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کا جواب دینے کا پورا حق رکھتا ہے اور اس کے لیے وقت اور مقام کا انتخاب خود کرے گا۔
بیان کے مطابق، پاکستان کی حکومت، مسلح افواج اور عوام بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہیں اور ملک کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر اقدامات کریں گے۔
حالیہ حملوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں خطرناک اضافہ ہوا ہے، جبکہ پاکستان نے عالمی برادری کی توجہ خطے میں بھارت کی جانب سے پیدا کردہ عدم استحکام کی طرف مبذول کرائی ہے۔
New chat