پاکستان کا بھارت کے خلاف فیصلہ کن وار، آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز

bunyan marsoos

پاکستان نے بھارت کی حالیہ فوجی جارحیت کے جواب میں فیصلہ کن اقدام کرتے ہوئے ’آپریشن بنیان المرصوص‘ کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستانی فوجی قیادت نے واضح کیا ہے کہ اگر بھارت نے مزید اشتعال انگیزی کی تو پاکستان کا جواب شدید ہوگا اور اس کے ہائی ویلیو اہداف نشانے پر ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق، پاکستان کی سیاسی اور فوجی قیادت نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ کسی بھی مستقبل کے بھارتی حملے کے جواب میں پاکستان کی کارروائی نہ صرف فوجی بلکہ بھارت کے معاشی مراکز تک وسیع ہوگی۔ قیادت نے زور دے کر کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کے سمجھوتے کی گنجائش نہیں رکھتا۔

’آپریشن بنیان المرصوص‘ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا واضح اظہار ہے، جس کے ذریعے دشمن کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔ فوجی ترجمان کے مطابق، بھارت کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور میزائل حملے کی کوشش کو پاکستانی ایئر ڈیفنس سسٹم نے ناکام بنا دیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) نے خبردار کیا تھا کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاکستان فوری اور سخت ردعمل دے گا۔ پاکستان امن کی خواہش رکھتا ہے، لیکن دشمن کی کسی بھی اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *