اسلام آباد: پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق، اسرائیلی اشتعال انگیز کارروائیاں خطے اور عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
وزارت خارجہ نے زور دے کر کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو فوری اقدامات کرتے ہوئے اس جارحیت کو روکنا چاہیے۔ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور حملہ آور کو جوابدہ ٹھہرانے کی ذمہ داری اقوام متحدہ پر عائد ہوتی ہے۔
حال ہی میں، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر 100 سے زائد ڈرونز حملہ کیے ہیں۔ پاکستان نے واضح کیا کہ اسرائیلی فوجی کارروائیاں ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ یہ حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں، جبکہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنا دفاع کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔