پاکستانی عوام بھارتی حملوں پر شدید غم و غصے کا شکار ہیں: شہباز شریف

pm with us fm

پاکستانی عوام بھارت کی ان بلااشتعال کارروائیوں پر شدید غم و غصے کا شکار

اسلام آباد (ویب ڈیسک) – 8 مئی 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران بھارت کے بلا اشتعال فوجی اقدامات پر پاکستان کے عوامی غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کا مکمل حق رکھتا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کے جاری کردہ بیان کے مطابق، وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے پاکستانی سرزمین پر کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی، جن کے نتیجے میں 31 معصوم شہری شہید اور 57 زخمی ہوئے جبکہ شہری بنیادی ڈھانچے کو بھی بھاری نقصان پہنچا۔

وزیراعظم نے کہا کہ “بھارت کے یہ حملے نہ صرف پاکستان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہیں بلکہ یہ جنوبی ایشیا کے خطے میں امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔” انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستانی عوام بھارت کی ان بلااشتعال کارروائیوں پر شدید غم و غصے کا شکار ہیں۔

شہباز شریف نے پاکستان کے حق خوددفاع پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع میں ضروری اقدامات کرنے کا حق رکھتا ہے۔” انہوں نے جنوبی ایشیا کی موجودہ سلامتی صورتحال پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تشویش کا اظہار کرنے پر بھی شکریہ کا اظہار کیا۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ “امریکہ خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے کیونکہ ہم جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔” انہوں نے پاکستان اور بھارت دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لیے پرامن طریقے سے کام کریں۔

دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔ یہ بات چیت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خطے میں کشیدگی انتہائی تشویشناک سطح تک پہنچ چکی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *