پاکستان کی امریکہ کو زیرو ٹیرف تجارتی معاہدے کی شاندار پیشکش

PAK AND USA

اسلام آباد: پاکستان نے امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پیشکش کرتے ہوئے “زیرو ٹیرف” کی بنیاد پر دو طرفہ تجارتی معاہدہ کرنے کی تجویز دی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ تجویز اس وقت سامنے آئی جب امریکی صدر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد دونوں ممالک کے ساتھ “وسیع تر تجارتی تعلقات” قائم کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ اس کے جواب میں پاکستان نے امریکا کو تجارتی مراعات کی بنیاد پر ایک باہمی مفاداتی معاہدے کی پیشکش کی، جس کے تحت منتخب ٹیرف لائنز پر زیرو ٹیرف کا اطلاق کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان، امریکا کے ساتھ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تجارت کو وسعت دینے کا خواہاں ہے اور اس معاہدے کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو نئی جہت دینا چاہتا ہے۔

یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان شدید فوجی کشیدگی کے بعد جنگ بندی کا اعلان کیا گیا۔ اس کشیدگی کے دوران بھارت نے پاکستان میں ایک مسجد اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، جس کے جواب میں پاک فوج نے “آپریشن بنیان مرصوص” کے تحت بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

پاک فضائیہ نے کارروائی کے دوران بھارت کے 6 جنگی طیارے، جن میں 3 رافیل اور ایک ڈرون شامل تھا، مار گرائے۔ اس فوجی تنازعے کے باعث خطے میں ایک مکمل جنگ کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا، تاہم جنگ بندی کے اعلان کے بعد صورتحال میں بہتری آئی۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ بھارت سمیت کئی ممالک پر جوابی ٹیرف عائد کیے تھے، جس سے عالمی مارکیٹوں میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا تھا۔ بعد ازاں صدر ٹرمپ نے 90 دن کے وقفے کا اعلان کرتے ہوئے مذاکرات کے دروازے کھولے اور کہا کہ متعدد ممالک امریکا سے تجارتی معاملات پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *