اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن “بنیان المرصوص” کی کامیابی پر ملک بھر میں “یوم تشکر” منانے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے، پاک فوج کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے، اور قومی یکجہتی کے اظہار کے لیے وقف کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص نے دشمن کی جارحیت کو زبردست جواب دیا اور پاکستان نے ہر محاذ پر اپنی برتری ثابت کی۔
شہباز شریف نے عوام اور علماء سے اپیل کی کہ وہ اجتماعی دعاؤں، نوافل اور خصوصی عبادات کے ذریعے اللہ کا شکر ادا کریں، نیز شہداء اور غازیوں کے لیے دعائیں کریں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ “پاک فوج کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، اور قوم ہر حال میں اپنے دفاعی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔”
وزیراعظم نے قوم کے صبر و تحمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دشمن کی جارحیت کے باوجود مکمل دفاعی تیاری کا مظاہرہ کیا اور دھمکیوں کا بھرپور جواب دیا۔
یوم تشکر کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا، جبکہ قومی میڈیا پر بھی پاک فوج کی کامیابیوں اور قومی یکجہتی کو اجاگر کرنے والے پروگرامز پیش کیے جائیں گے۔
New chat