صدر مسعود پزشکیان کا دورہ: ایرانی سفیر نے پاکستانی میزبانی کو تاریخی قرار دیدیا، اظہارِ تشکر

pak-iran-trade

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری ایک بیان میں ایرانی صدر کے پاکستان کے دورے کے دوران کی گئی شاندار میزبانی پر پاکستانی حکومت، عوام اور قیادت کا دلی شکریہ ادا کیا۔

ایرانی سفیر نے خصوصی طور پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کردار نے اس دورے کو تاریخی اور یادگار بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے صدر پاکستان آصف علی زرداری کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ایوان صدر میں ایرانی وفد کی اعلیٰ سطح پر میزبانی کی۔

سفیر مقدم نے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی معاونت اور موجودگی کو بھی سراہا، جو اس دورے کی کامیابی کے لیے انتہائی اہم تھی۔ انہوں نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ ساتھ وزارت خارجہ کی ٹیم کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو بھی سراہا، جن کی انتظامی صلاحیتوں نے اس اعلیٰ سطحی دورے کو کامیاب بنایا۔

لاہور میں قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے ایرانی وفد کے لیے کی گئی پرتپاک میزبانی پر بھی ایرانی سفیر نے خصوصی تشکر کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزراء ریاض حسین پیرزادہ، خواجہ محمد آصف، جام کمال خان، عبدالعلیم خان، محمد رضا حیات ہراج اور عطا اللہ تارڑ کی دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور 12 اہم معاہدوں کو حتمی شکل دینے میں کی گئی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور اسٹریٹجیک تعلقات ہیں، اور دونوں ممالک نے تجارت، انفراسٹرکچر اور ثقافتی شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے کئی معاہدے کیے ہیں۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے نئے باب کا آغاز ہے، جس میں تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کا عزم دہرایا گیا۔ اختتام پر انہوں نے “ایران پاکستان دوستی زندہ باد، پائندہ باد” کا نعرہ لگاتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ رشتے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *