دوحہ : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قطر میں ایک بزنس کانفرنس سے خطاب کے دوران اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ غزہ کی پٹی کو “آزادی زون” بنانے کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں تباہی اس حد تک پھیل چکی ہے کہ اب “بچانے کو کچھ نہیں بچا”، لہذا امریکہ وہاں تعمیر نو اور مثبت تبدیلی لانے کا خواہاں ہے۔ ٹرمپ نے مزید کہا، “میں نے حالیہ فضائی تصاویر دیکھی ہیں—وہاں کوئی عمارت کھڑی نہیں، لوگ ملبے کے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ یہ صورتحال ناقابل قبول ہے۔ اگر ضرورت پڑی تو میں فخر سے کہوں گا کہ امریکہ غزہ کی بحالی کی ذمہ داری لے اور اسے ایک آزاد اور پرامن خطہ بنائے۔”
یہ بیان قطر میں دیا گیا، جو کہ طویل عرصے سے حماس کے سیاسی دفتر کی میزبانی کرتا آیا ہے۔ صدر ٹرمپ کے اس بیان کو بین الاقوامی سطح پر متنازعہ قرار دیا جا رہا ہے اور ممکنہ طور پر اس پر عالمی ردعمل سامنے آسکتا ہے۔