اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے سیالکوٹ کے علاقے پسرور چھاؤنی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو فوجی کارروائی کی تفصیلات اور کور کی آپریشنل تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
سرکاری بیان کے مطابق، وزیراعظم نے “معرکہ حق” کے دوران بہادری کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرأت سے دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا۔ وزیراعظم کے استقبال کے لیے کور کمانڈر گوجرانوالہ اور دیگر فوجی افسران موجود تھے۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، وزیر دفاع، وزیر منصوبہ بندی و ترقی، وزیر اطلاعات، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور دیگر اعلیٰ فوجی قیادت بھی موجود تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے قوم کے عزم کے ساتھ ملک کا بہادری سے دفاع کیا اور دشمن کی کارروائی کو ناکام بنایا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ فتح تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔
وزیراعظم نے فرنٹ لائن پر تعینات افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی ہمت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مستعدی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے بہادر فوجیوں پر فخر ہے، جو قوم کا اعزاز ہیں۔
انہوں نے بھارت کی جانب سے شہریوں پر حملوں کو شرمناک اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی، لیکن بھارت کے پاس کوئی ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے اس نے اس سے گریز کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دشمن کی جارحیت کا حوصلہ شکن جواب دیا گیا اور پاک فوج نے اپنی بہادری سے ملک کا دفاع کیا۔