اسلام آباد: وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر آج خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے افسوسناک حملے کے بعد کوئٹہ کا ہنگامی دورہ کریں گے۔
دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کو خضدار میں اسکول کی طالبات اور اساتذہ پر ہونے والے دہشت گرد حملے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جائے گی، جبکہ وہ حملے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت بھی کریں گے۔
وزیراعظم آفس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں نے کیا، جس کے نتیجے میں 4 بچوں سمیت 6 افراد شہید ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ حملہ ایک اسکول بس کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔
دوسری جانب فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں آج شام ایوان صدر میں منعقد ہونے والی تقریب خضدار حملے کے باعث مؤخر کر دی گئی ہے۔ ایوان صدر کے ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی درخواست پر کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کچھ دیر بعد کوئٹہ روانہ ہوں گے جہاں وہ امن و امان کی مجموعی صورتِ حال پر اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اس دوران ان کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں