وزیر اعظم کا کامرہ ایئر بیس کا دورہ، فضائی شاہینوں سے ملاقات

SHEHBAZ IN KAMRA AIR BASE

کامرہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معرکہ حق میں دفاعِ وطن کے دوران بھارتی طیاروں کو تباہ کرکے پاکستان کی فضائی برتری ثابت کرنے والے پاک فضائیہ کے بہادر افسران اور پائلٹس سے ملاقات کے لیے کامرہ ایئربیس کا دورہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق، وزیراعظم نے اکیسویں صدی کی سب سے طویل فضائی جھڑپوں میں سے ایک میں دشمن کی برتری کے دعووں کو خاک میں ملانے والے پاک فضائیہ کے جری اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے فضائیہ کی بے مثال قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، چیف آف دی ائیر سٹاف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ سول و فوجی عہدیداران بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

وزیراعظم نے پاک فضائیہ کی کارکردگی کو ملک کی سلامتی کا ضامن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے شاہین ہر طرح کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ حکومت ملکی دفاع کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *