تحریک انصاف کا پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں عمران خان کی رہائی کا مطالبہ

imran-khan

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پاک بھارت کشیدہ صورتحال کے تناظر میں سابق وزیراعظم عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ پارٹی کی سیاسی اور کور کمیٹی کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں ملک کو قومی اتحاد، مضبوط قیادت اور اندرونی استحکام کی اشد ضرورت ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس وقت ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے، جبکہ بھارتی دھمکیوں کے پیش نظر ملک بھر میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ ایسے حالات میں پی ٹی آئی نے عمران خان کو “ملک کا سب سے قابل اعتماد رہنما” قرار دیتے ہوئے ان کی غیر موجودگی کو قومی قیادت میں ایک “خطرناک خلا” سے تعبیر کیا ہے۔

تحریک انصاف کے مطابق، مودی حکومت اور آر ایس ایس کے نظریات کے زیر اثر بھارت خطے میں امن کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ پی ٹی آئی نے بھارت کے جارحانہ عزائم اور جنگی ماحول پیدا کرنے کی کوششوں کی شدید مذمت کی ہے۔

اعلامیے میں عمران خان کو “بالاکوٹ کے ہیرو” کے طور پر سراہتے ہوئے کہا گیا کہ وہ جیل میں رہتے ہوئے بھی قومی خودمختاری کے لیے مضبوط مؤقف اپنا رہے ہیں۔ پارٹی کے مطابق، تقریباً دو سال سے جاری قید اور قانونی و خاندانی رسائی سے محرومی کے باوجود عمران خان ملک کے لیے پرعزم اور متحرک ہیں۔

عمران خان کا پیغام بھی اعلامیے کا حصہ بنایا گیا، جس میں انہوں نے کہا:
“امن ہماری ترجیح ہے، لیکن اسے بزدلی نہ سمجھا جائے۔”

پی ٹی آئی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب ملک کو ایک فعال اور متحد قیادت کی ضرورت ہے، حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو فوری رہا کیا جائے تاکہ وہ قوم کو موجودہ بحران میں متحد کر سکیں اور پاکستان کی سالمیت کے دفاع میں اپنا کردار ادا کریں۔

اعلامیے کے اختتام پر پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان کی رہائی محض ایک قانونی ضرورت نہیں بلکہ یہ قومی سلامتی کا تقاضا ہے، اور اُنہیں قید میں رکھنا “ملک و قوم سے دشمنی” کے مترادف ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *