قومی آفات کے انتظامی ادارے (این ڈی ایم اے) کی تازہ رپورٹ کے مطابق حالیہ شدید بارشوں نے ملک کے مختلف حصوں میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 221 تک جا پہنچی ہے، جبکہ 804 سے زائد مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق:
- پنجاب شدید متاثرہ صوبہ رہا، جہاں 135 افراد جاں بحق اور 470 زخمی ہوئے۔ یہاں 168 مکانات کو جزوی جبکہ 24 کو مکمل نقصان پہنچا۔
- خیبرپختونخوا میں 40 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور 69 افراد زخمی ہوئے۔ صوبے میں 142 مکانات کو جزوی اور 78 کو مکمل نقصان پہنچا۔
- سندھ میں بارشوں کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے۔ یہاں 54 مکانات کو جزوی اور 33 کو مکمل تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔
- بلوچستان میں 16 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے، جب کہ 56 مکانات کو جزوی اور 8 کو مکمل نقصان پہنچا۔
- گلگت بلتستان میں اگرچہ کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، تاہم 3 افراد زخمی ہوئے اور 71 مکانات جزوی جبکہ 66 مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔
- آزاد کشمیر میں ایک شخص جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے، جب کہ 75 مکانات کو جزوی اور 17 کو مکمل نقصان پہنچا۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی شدت کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ یا ادارے سے فوری رابطہ کریں۔