سرگودھا: پنجاب پولیس کی تحقیقاتی افسر انعم خان محمد شیر نے دبئی میں منعقدہ ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈز 2025 میں “ایکسلینس ان کرمنل انویسٹی گیشن” کا عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا۔ یہ ایوارڈ انہیں جرائم کی تفتیش میں غیر معمولی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ قیادت پر دیا گیا۔
انعم خان، جو فی الحال سرگودھا میں بطور تحقیقاتی افسر خدمات انجام دے رہی ہیں، کو یہ اعزاز پنجاب کے دو اہم قتل کیسز کو کامیابی سے حل کرنے پر ملا۔ پہلے کیس میں، انہوں نے 12 سالہ گھریلو ملازمہ عائشہ بی بی کے قتل کی تفتیش کی، جس میں ملزمان کو محض 72 گھنٹوں میں گرفتار کر لیا گیا۔ دوسرے کیس میں، ایک نوجوان محسن کے قتل کے مجرموں کو 24 گھنٹے کے اندر پکڑا گیا۔
یہ ایوارڈ متحدہ عرب امارات کے زیر اہتمام ورلڈ پولیس سمٹ میں دیا گیا، جس میں 90 سے زائد ممالک کے پولیس افسران اور سیکیورٹی ماہرین شریک ہوئے۔ انعم خان کا انتخاب 900 سے زائد تحقیقاتی رپورٹس کی جانچ کے بعد کیا گیا، جو ان کی تحقیقی مہارت کو ظاہر کرتا ہے۔
ایوارڈ وصول کرنے کے بعد انعم خان نے کہا، “یہ پاکستان اور پنجاب پولیس کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ میں خوش ہوں کہ میں نے ثابت کیا کہ ہم نہ صرف امن برقرار رکھ سکتے ہیں بلکہ عالمی معیار کی پولیسنگ بھی کر سکتے ہیں۔ یہ اعزاز میری پوری ٹیم اور ہماری محنت کا نتیجہ ہے۔”
بین الاقوامی ماہرین کے مطابق، یہ ایوارڈ پاکستانی پولیس فورس کی بڑھتی ہوئی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی عکاسی کرتا ہے۔ پنجاب پولیس کی جانب سے انعم خان کو اس سے قبل بھی متعدد تعریفی اسناد اور اعزازات دیے جا چکے ہیں۔