ایران نے عمان میں اتوار کو ہونے والے امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات منسوخ کر دیے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد لیا گیا ہے۔
الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو میں عراقچی نے کہا، “جی ہاں، عمان میں ہونے والے مذاکرات اب منسوخ ہو چکے ہیں۔” ان کے بیان کے بعد عمانی وزارت خارجہ نے بھی مذاکرات کے خاتمے کی تصدیق کی۔
ایران نے اسرائیلی حملوں کے بعد امریکا پر الزام لگایا ہے کہ وہ ان حملوں میں بالواسطہ طور پر ملوث ہے، تاہم امریکا نے اس کی تردید کی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی کارروائی کو “شاندار” قرار دیا، حالانکہ انھوں نے پہلے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو جوہری مذاکرات کو متاثر نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ماہرین کے مطابق، اسرائیل کے حالیہ فوجی حملوں اور ایران کی ممکنہ جوابی کارروائی کے بعد جوہری مذاکرات کا مستقبل مزید غیر یقینی ہو گیا ہے۔