بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کو نیست و نابود کر دیا جائے گا، کور کمانڈر کانفرنس

CORE COMMANDER

راولپنڈی: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت 270 ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں پاکستان کی سلامتی کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے مکمل عزم کا اظہار کیا گیا۔ کانفرنس میں خضدار میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کو بھارتی پشت پناہی سے منسلک پراکسی عناصر کا کارنامہ قرار دیا گیا، جن کا مقصد انتشار اور خوف پھیلانا تھا۔ شرکا نے زور دے کر کہا کہ ایسے ملک دشمن عناصر کو قومی یکجہتی اور مکمل استعداد کے ساتھ ناکام بنایا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، کانفرنس کا آغاز آپریشن بنیان مرصوص اور خضدار حملے کے شہدا کی یاد میں فاتحہ خوانی سے ہوا۔ شرکا نے اس سفاکانہ کارروائی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا، جس میں 4 معصوم بچوں سمیت 6 بے گناہ شہری شہید ہوئے۔

کور کمانڈرز نے اس اقدام کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ نہتے شہریوں، خاص طور پر بچوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین اور اخلاقی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیرونی امداد سے چلنے والے دہشت گردوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور انہیں مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *